گورنرسندھ سے کے الیکٹرک چیئرمین کی ملاقات، لوڈشیڈنگ پر اظہار برہمی

488

کراچی: گونر سندھ عمران اسماعیل نے کے الیکٹرک  چیئرمین سے ملاقات کے دوران شہر میں جاری غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال کا تدارک کرکے شہریوں کو جلد از ریلیف دیا جائے۔

گورنر ہاؤس سندھ سے جاری بیان کے مطابق گورنرسندھ عمران اسماعیل سے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے الیکٹرک مونس عبداللہ علوی نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی،ملاقات کے دوران گورنر سندھ نے کے الیکٹرک کی جانب سے شہر میں جاری غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کراچی کے شہریوں کے ساتھ سخت نا انصافی کے مترادف ہے۔

گورنر سندھ نے سی ای او کے الیکٹرک کو ہدایت کی کہ صورتحال کا تدارک کرکے شہریوں کو جلد از ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے کے الیکٹرک کو اضافی گیس مہیا کی جارہی ہے، اس کے باوجود اس طرح کی صورتحال کا پیدا ہونا تشویشناک ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کے الیکٹرک کو اضافی فرنس آئل حبکو سے مہیا کیا جائے گا،وفاق کے الیکٹرک کو 650 میگا واٹ بجلی فراہم کرنے کا پابند ہے جبکہ کراچی کے شہریوں کی سہولت کے لئے وفاق اضافی 500 میگا واٹ بجلی دینے کو تیار ہے لیکن سسٹم میں سرمایہ نہ لگانے کی وجہ سے کے الیکٹرک کے پاس 500 میگا واٹ اضافی بجلی سنبھالنے کی صلاحیت نہیں ہے ۔

سی ای او کے الیکٹرک مونس عبداللہ علوی نے کہا کہ فرنس آئل کی کمی کی وجہ سے ٹپال اور گل احمد پاور پلانٹ بند ہیں جبکہ وفاق سے اضافی فرنس آئل ملنے سے بجلی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

 انہوں نے یقین دلایا کہ لوڈ شیڈنگ میں اگلے چوبیس گھنٹوں میں بہتری آجائے گی اور اگلے 48 گھنٹوں میں لوڈ شیڈنگ کے بحران پر قابو پالیا جائے گا۔