ایران: فوجی اڈے کے قریب دھماکہ

544

ایرانی دارالحکومت تہران میں واقع فوجی اڈے کے قریب زور دار دھماکہ ہوا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق تہران میں فوجی چھاونی اور حساس میزائل ٹیکنالوجی سائٹ کے قریب صنعتی گیس سے بھرا ایک ٹینکر پھٹ گیا جس سے دور دراز علاقوں تک آواز سنائی دی تاہم جائے وقوعہ کے قریب آبادی نہ ہونے کی بنا پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ایران کی جانب سے سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پارچین کے صنعتی علاقے میں گیس سے بھرا ٹینک پھٹا تھا جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا ہے۔ اس دھماکے کا فوجی مراکز سے کوئی تعلق نہیں ہے تاہم مغربی میڈیا اس حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ مغربی سیکورٹی ادارے اس مقام کو مشتبہ قرار دے چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے یہاں جوہری دھماکوں سے متعلق تجربات کر رہا ہے۔