مقبوضہ کشمیر؛ پہلے غیر کشمیری کو مستقل شہریت مل گئی

727

نئی دہلی: چین کے ہاتھوں لداخ میں ہونے والی ہزیمت اٹھانے کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر آئینی اقدام کے تحت وادی میں پہلے افسر کو مستقل رہائشی قرار دے دیا۔

بھارتی ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے آئی اے ایس افسر نوین کمار چودھری کو  کشمیر ی  ڈومیسائل سرٹیفکٹ جموں خطے کے گاندھی نگر کے تحصیلدار نے جاری کردیا ، نوین چودھری گزشتہ 15 برس سے زائد عرصے سے جموں و کشمیر میں باحیثیت محکمہ زراعت اور باغبانی کے پرنسپل سکریٹری کے عہدے پر تعینات ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 5 اگست کو مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں غیر آئینی اقدام اٹھاتے ہوئے آرٹیکل 370 اور 35 اے کے خاتمے کا اعلان کیاتھا جس کا مقصد مقبوضہ وادی میں غیر کشمیریوں کو بسانا تھا ، بی جے پی نے جموں و کشمیر کا مستقل رہائشی نظام ختم کرکے ملک کے کسی بھی شہری کے لیے مقبوضہ جموں و کشمیر کا مستقل رہائشی بننے کی راہ ہموار کرتے ہوئے گھناؤنے منصوبے کے تحت کشمیر میں مسلمانوں کی آبادی کے تناسب کو بدلنا تھا جس کا عملی مظاہرہ گزشتہ روز دیکھا گیا ۔

یاد رہے کہ بھارت کے نئے قانون کے تحت ملک کا کوئی بھی شہری جس نے جموں و کشمیر میں 15 برس سے سرکاری یا کسی نجی ادارے میں کام کیا ہو، یا اس کے کسی بچے کو یہاں کے اسکول کی سند ہو وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کا ڈومیسائل حاصل کر سکتا ہےتاہم اس سے قبل دفعہ 34 اے کے تحت فقظ جموں و کشمیر کے باشندوں کو یہ حق حاصل تھا۔

دوسری جانب لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے پیر کے روز جموں و کشمیر میں ڈومیسائل سرٹیفکٹکی ای ایپلیکیشن کا افتتاح کیا ، جس میں جموں و کشمیر ای گورننس ایجنسی کے ذریعے ڈومیسائل سرٹیفکٹ حاصل کرنے کے لیے آن لائن خدمات فراہم کی گئی ہیں۔