لوڈشیڈنگ کیخلا ف احتجاج کا آغاز ، سندھ اسمبلی تک مارچ( جماعت اسلامی کا آج بھی مظاہروں کا اعلان)

618
نائب امیر جماعت اسلامی کراچی اسامہ رضی جے آئی یوتھ کے کے الیکٹرک آفس کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے شہر میں شدید گرمی کے موسم میں کے الیکٹرک کی طویل اور بدترین لوڈ شیڈنگ ،اوور بلنگ کے مسائل اور جعلی ایڈجسٹمنٹ کے نام پر شہریوں سے لوٹ مار کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا آغاز ہوگیا ہے ۔ جمعرات کو جے آئی یوتھ کے تحت شاہین کمپلیکس کے قریب کے الیکٹرک کے آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی ، جے آئی یوتھ کراچی کے قائم مقام صدر اسماعیل بلوچ اورضلع جنوبی کے صدر فرحان غفارنے بھی خطاب کیا ۔بعد ازاں مظاہرے کے شرکا نے سندھ اسمبلی کی بلڈنگ تک پیدل مارچ کیا ۔جماعت اسلامی کے تحت آج کے الیکٹرک کی نااہلی وناقص کارکردگی، لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کے خلاف شہر بھر میں متعدد مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ۔مظاہروں سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ودیگر رہنما خطاب کریں گے ۔ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہاکہ کے الیکٹرک شدید گرمی اور حبس کے موسم میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کر کے عوام پر ظلم ڈھارہی ہے جس سے شہری بلبلارہے ہیں،کے الیکٹرک نے حسب سابق لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کر کے لوٹ کھسوٹ کابازار گرم کیا ہوا ہے ، کے الیکٹرک کو سیاسی جماعتوں اور اپوزیشن جماعتوں کی مکمل حمایت حاصل ہے ،دبئی میں سیاسی جماعتوں کے لیے فنڈنگ کی جاتی ہے جس سے پاکستان میں ہونے والے انتخابات میں ایسے حکمرانوں کا انتخاب کیا جاتا ہے جو کے الیکٹرک کو سپورٹ کرتے ہیں ، جماعت اسلامی بجلی کے مسئلے پر چلائی جانے والی تحریک صرف کے الیکٹرک کے خلاف نہیں بلکہ سیاسی جماعتوں کے خلاف بھی چلائے گی جو کے الیکٹرک کی سرپرستی کررہی ہیں،قومی وصوبائی اسمبلی میں بیٹھے ہوئے حکمران کے الیکٹرک کے ساتھ ملی بھگت کر کے عوام پر ظلم کررہے ہیں، جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی کے الیکٹرک کے خلاف زبردست تحریک چلائی تھی جس کے نتیجے میں شہریوں کی بڑی تعدا دکو ریلیف ملا،جماعت اسلامی کے الیکٹرک کے خلاف تحریک جاری رکھے گی اور عوام پر کیے جانے والے ہر ظلم کے خلاف حساب لے گی ۔