دورہ انگلینڈ، 5 ریزرو کرکٹرز اور مینجمنٹ رکن کا کورونا ٹیسٹ مکمل

746

لاہور: دورہ انگلینڈ کیلئے زیررو کرکٹرز اور مینیجمنٹ کے ایک رکن کا کورونا ٹیسٹ کے نمونے لے لیے گئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ کیلئے ریزرو کھلاڑیوں میں شامل 5 کرکٹرز اور مینجمنٹ کے ایک رکن کے کوویڈ 19 ٹیسٹ مکمل کرلیے ہیں.

پانچ ریزرو کھلاڑیوں میں بلال آصف، عمران بٹ، محمد نواز، موسیٰ خان اور روحیل نذیر کے نام شامل ہیں، ٹیسٹ میں مینجمنٹ کے ایک رکن، مساجر محمد عمران کا کوویڈ 19 ٹیسٹ بھی لیا گیا۔

بلال آصف، عمران بٹ، موسیٰ خان اور محمد نواز کو پہلے ہی دورہ انگلینڈ کے لیے اعلان کردہ 4 ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کرلیا گیا تھا تاہم محمد رضوان کی جگہ روحیل نذیر کی بطور بیک اپ وکٹ کیپر اور ملنگ علی کی جگہ محمد عمران کی بطور بیک اپ مساجر کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی گئی۔

قومی اسکواڈ کی ٹیسٹنگ کے پہلے مرحلے میں وکٹ کیپر محمد رضوان اور مساجر ملنگ علی کے کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

جاری بیان میں کہا گیا کہ اسکواڈ میں شامل 18 کھلاڑیوں اور منیجمنٹ میں شامل 11 اراکین کی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کا دوسرا مرحلہ بھی مکمل کرلیا گیا جبکہ پہلے مرحلے میں مثبت نتائج آنے والے 10 کھلاڑیوں اور منیجمنٹ کے ایک رکن کا دوسرا کوویڈ 19 ٹیسٹ 26 جون بروز جمعہ کو ہوگا۔

پی سی بی تمام ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان 27 جون بروز ہفتے کو کرے گا،اس وقت تک پی سی بی اس حوالے سے مزید کوئی تبصرہ نہیں کرے گا۔