سندھ میں کورونا ٹیسٹنگ 50 فیصد سے بھی کم

443

کراچی: کورونا وائرس کے ریکارڈ توڑ کیسز کے باوجود سندھ میں کورونا  ٹیسٹنگ 50 فیصد سے بھی کم ہوگئی۔

سندھ میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کرنے والا عملہ نایاب ہوگیا ہے ایک جانب ڈاکٹرز کا احتجاج جاری ہے تو دوسری جانب  دستیاب عملےکو اسٹاف کی کمی کے باعث بیک لاگ پورا کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں ماہ 21 جون کو کل ٹیسٹنگ کی تعداد 13 ہزار 890 تھی، 22 جون کو 9 ہزار 841 ہوئی جبکہ 23 جون کو تعداد مزید گھٹ کر صرف 6 ہزار 597 تک رہی ۔

محکمہ صحت سندھ نے کورونا کی کم ہوتی ٹیسٹنگ پر 23 جون کا اعداد و شمار ہی جاری نہیں کیے جبکہ 24 جون کو وزیراعلیٰ سندھ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ صوبے میں 7 ہزار 400 کورونا ٹیسٹ کے گئے  جبکہ سول، جناح، اوجھا اور کراچی یونیورسٹی سمیت دیگر لیبارٹریز میں ہزاروں ٹیسٹ کے نتائج جاری ہی نہیں کیے جاسکے۔

تاہم گزشتہ ہفتےسے گھروں پر جاکر ٹیسٹنگ کی سہولت بھی بند کی جاچکی ہے۔

واضح رہے کہ کورونا کیسز کی تعداد میں سندھ پہلے نمبر ہے جہاں سب سے زیادہ کورونا کے کیسز ریکارڈکیے گئے ہیں ،اب تک صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد 74 ہزار 70 ہےجبکہ 1 ہزار 161 مریض انتقال بھی کرچکے ہیں۔

متاثر ین میں عام افراد سمیت وزراء، ڈاکٹرز،صحافی، طبی عملہ اور مختلف شعبہ ہائے سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔