سندھ اور پنجاب سے بہتر بجٹ پیش کیا ،وزیر خزانہ پختونخوا

163

پشاور(آن لائن)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے ہے کہ ہمارا بجٹ کئی مدات میں مختص کردہ رقوم کے حوالے سے تمام صوبوں میں سرفہرست ہے، کورونا وبا کی وجہ سے ہمیں بھی چیلنجز کا سامنا ہے، ان حالات میں ،بجٹ 2020-21 کے ترقیاتی بجٹ کو گزشتہ سال کے ساتھ برابر رکھنا مشکل کام تھا لیکن ہم نے وہ کر دکھایا۔ بجٹ دیگر صوبوں کے مقابلے میں ترقیاتی بجٹ، فی کس ترقیاتی اخراجات، صحت بجٹ میں اضافے، صحت کی مد میں فی کس اخراجات اور ریفامز ایجنڈے کے حوالے سے پہلے نمبر پر رہا ہے، صحت بجٹ میں سالانہ بنیادوں پر 43 فیصد اضافہ کرتے آرہے ہیں جس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔گزشتہ 5 سال کے دوران 15 نئے اسپتال قائم کیے گئے ہیں، 3500 بستروں کا اضافہ کیا گیا جبکہ ایم ٹی آئی ایکٹ کے تحت صحت کے شعبے کو ایک نئی جہت ملی،کورونا وبا سے مقابلے کے لیے 2 ہزارافراد بھرتی کیے ہیں جبکہ لوکم اسکیم کے تحت 18 ہزار ہیلتھ پروفیشنلز نے رجسٹریشن کروائی۔