اسلامی جمعیت طلبہ کے وفد کی وفاقی وزیرِ تعلیم سے ملاقات

630

اسلام آباد: اسلامی جمعیت طلبہ کے وفدنے وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود سے طلبہ کے مسائل کے حوالے سے ملاقات کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شفقت محمودنے اسلامی جمعیت طلبہ کے وفد کو طلبہ کے مسائل حل کروانے کی یقینی دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹیز کو پابند کیا جائے گا کہ وہ طلبہ کی فیسوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کریں۔

انہوں نے مزید کہاکہ آن لائن کلاسز کے لیے ریموٹ علاقوں میں انٹرنیٹ کی فراہمی کو جلد از جلد بہتر بنایا جائے گا، جبکہ قبائلی علاقوں خصوصاً فاٹا کیلئے الگ سے ایک محفوظ اسٹوڈنٹ پورٹل بنایا جائے گا۔

وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ طلبہ کی اسکالرشپ کیلئے تعلیمی اداروں کو الگ سے رقم ادا کی جائے گی۔

طلبہ کے وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیر تعلیم پرائیویٹ ڈگریز کرنے والے طلبہ کا امتحان لینے کیلئے ایچ ای سی کو ہدایات جاری کریں گے، تاکہ ان طلبہ کا وقت ضائع نہ ہو، وزارت تعلیم یونیورسٹیز اور ایچ ای سی کو طے شدہ بجٹ سے زائد اضافی رقم سپلیمنٹری گرانٹ کی صورت میں ادا کرے گی۔

طلبہ وفد کا مزید کہنا تھا کہ جو طلبہ و طالبات فائنل سمسٹر میں ہیں، ان کی پروموشن کیلئے یونیورسٹیز کے رستے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی، تعلیمی ادارے اپنی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کوئی بھی مناسب طریقہ کار اختیار کرنے میں آزاد ہونگے، جامعات کو بے اختیار نہیں ہونے دیا جائے گا، تمام اختیارات موجودہ عہدیداران کے پاس ہی رہیں گے۔

وفد میں ناظم پنجاب شمالی شاہ زیب احمد ، میاں ارسلان طارق، شفیق خان اور تصور کاظمی موجود تھے۔