افغانستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملہ، 10 اہلکار ہلاک، 5 زخمی

896

کابل:افغانستان کے مغربی صوبے بدغیس میں افغان سیکیورٹی فورسز پر حملے میں 10 اہلکار ہلاک ہوگئے جبکہ سڑک کنارے نصب بم سے کار ٹکرانے کے باعث 6 عام شہری مارے گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق صوبائی حکومت کے نائب فیض محمد مرزا نے بتایا کہ ضلع بالامرغاب میں حملہ اس وقت ہوا جب سیکیورٹی فورسز صوبے میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بیس سے باہر نکلے تھے، اسی دوران طالبان نے حملہ کیا جب کہ فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپیں 2 گھنٹے سے زائد جاری رہیں، سخت مزاحمت کا سامنا کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔

صوبائی کونسل کے سربراہ عبدالعزیز بیگ نے موقف اختیار کیا کہ فوجیوں کا گزشتہ دو روز سے طالبان نے محاصرہ کر رکھا تھا اور دفاع کے لئے کمک بھیجنے میں تاخیر کے باعث آخرکار 10 اہلکار ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب شمالی صوبہ جوزجان کے ضلع مردیان میں ایک کار سڑک کنارے نصب بم سے ٹکرانے کے باعث 6 عام شہری مارے گئے ہیں۔

صوبائی حکومت کے ترجمان عبدالمعروف آذر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 3 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں۔