بلوچستان ہائیکورٹ نے قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کالعدم قرار دے دی

613

کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ نے 10 ویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی)کی تشکیل کلعدم قرار دے دی۔

تفصیلات ک مطابق این ایف سی کی تشکیل سے متعلق  دائر درخواستوں پر بلوچستان ہائیکورٹ نے فیصلہ سنادیا ،درخواستیں کامران مرتضی ایڈووکیٹ اور ساجد ترین ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی تھیں۔

ہائیکورٹ نے فیصلے  میں قومی مالیاتی کمیشن کے قیام کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار  دیتے ہوئے کہ کہا کہ این ایف سی کے لیے ممبران کی تقرری اور قواعد و ضوابط آئین کے مطابق نہیں لہذا گورنر بلوچستان صوبائی حکومت کی سفارش پر نیا ممبر نامزد کریں۔

جسٹس جمال مندوخیل کا حکم میں کہنا ہے کہ حکومت این ایف سی ایوارڈ کی تشکیل اور بعد ازاں اقدامات کو آرٹیکل 160 کی روح کے مطابق رکھے۔

خیال رہے کہ  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 12 مئی 2020 کو 10 واں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) تشکیل دیا تھا جس میں بلوچستان سے جاوید جبار کو شامل کیا گیا تھا جس پر حکومتی اتحادی جماعت اور اپوزیشن نے شدید اعتراض کیا تھا تاہم بعدازاں جاوید جبار نے خود ہی استعفیٰ دے دیا تھا۔

دوسری جانب این ایف سی ایوارڈ کی تشکیل کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی زیر سماعت ہے جہاں مسلم لیگ(ن) نے کمیشن کو چیلنج کررکھا ہے۔