حج 2020: سعودی حکومت نے پاکستان سے معذرت کرلی

715

اسلام آباد: سعودی عرب کے وزیر حج ڈاکٹر صالح بن بنتن نے وفاقی وزیر برائے مذہبی اُمور پیر نورالحق قادری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں دونوں کت درمیان حج سے متعلق گفتگو ہوئی۔

وزارت مذہبی اُمور پاکستان کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر صالح بن بنتن نے نورالحق قادری کو رواں سال ہونے والے حج سے متعلق سعودی حکومت کے فیصلے سے آگاہ کیا۔

ترجمن کے مطابق ڈاکٹر صالح نے کورونا وائرس کے باعث غیر ملکی حجاج کی میزبانی سے معذرت کرلی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت کسی بھی ملک سے لوگ حج کے لیے نہیں آسکیں گے۔

ڈاکٹر صالح نے اپنی گفتگو میں کہا کہ رواں سال صرف سعودی شہری اور اقامہ ہولڈر حج ادا کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی وزارت مذہبی اُمور رقوم کی واپسی سے متعلق طریقہ کار وضع کرے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی حکومت نے رواں سال کے لیے حج پالیسی کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق صرف سعودی عرب میں مقیم افراد حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری پالیسی بیان کے مطابق کورونا کے باعث حج کے شرکا کی تعداد محدود رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سال بیرون ملک سے عازمین کو حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

سعودی وزارت اپنے بیان میں کہا تھا کہ سعودی عرب میں قیام پذیر مختلف ملکوں کے شہری بھی حج کرسکیں گے اور حج کے دوران بھی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

سعودی حکومت نے کہا تھا کہ دوران حج عازمین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھا جائے گا تاکہ انسانی جان کے تحفظ سے متعلق اسلامی شریعت کے مقاصد پورے کیے جاسکیں۔