محمد عرفان اپنی موت کی جھوٹی خبروں پر برہم

402

قومی کرکٹ ٹیم کے دراز قد فاسٹ بولر محمد عرفان نے اپنی موت کی خبروں کو بے بنیاد اور جھوٹا قرار دے دیا۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ میری موت کے حوالے سے کچھ سوشل میڈیا اکاؤنٹس جھوٹی اور غلط خبریں پھیلا رہے ہیں، میرا کوئی کار ایکسیڈنٹ نہیں ہوا۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ میری موت کی من گھڑت اور بے بنیاد خبروں سے اہل خانہ کو سخت تشویش ہوئی ہے، جھوٹی خبروں کی وجہ سے اہل خانہ اور دوست پریشان ہیں اور اب تک نہ رکنے والی ان گنت کالز موصول ہوچکی ہیں۔

طویل قامت بولر کا کہنا تھا میں بالکل ٹھیک ہوں اور میرے ساتھ کوئی حادثہ پیش نہیں آیا، جھوٹی خبریں پھیلانے سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ قومی ڈیف ٹیم کے کھلاڑی محمد عرفان کی کار ایکسیڈنٹ میں موت کی خبر پی سی بی نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی تھی تاہم بعض صارفین نے بغیر تصدیق کیے فاسٹ بولر محمد عرفان کی موت کی خبریں چلا دیں تھیں۔