مردہ انسانوں کا گوشت کھانے والے دونوں بھائی جیل سے رہا

862

بھکر:صوبہ پنجاب کے شہر بھکر میں مردہ افراد کا گوشت کھانے والے دونوں بھائیوں کو رہا کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق بھکر کے رہائشی مردہ خور بھائیوں عارف اور فرمان کو ڈسٹرکٹ جیل بھکر سے سزا پوری ہونے پر رہا کردیا گیا ہے، دونوں بھائیوں نے 12 سال قید کی سزا کاٹی، مردہ انسانوں کا گوشت کھانے والے دونوں بھائیوں کو سزا پوری ہونے کے باوجود ایک ماہ کی تین بار نظر بندی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

دونوں کوعلاقائی امن و امان کے پیش نظر لاہور میں رشتہ داروں کے گھر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ دونوں بھائیوں کو 2011 میں ایک لڑکی کی لاش قبر سے نکال کر لائے اور اسکا گوشت پکا رہے تھے کہ اہل محلہ  کو اس کا پتا چل گیا۔

اہل علاقہ کی اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مار کر دونوں بھائیوں کو نعش سمیت حراست میں لے لیا تھا۔دونوں بھائی مردہ خوری کا قانون نہ ہونے کی بنیاد پر دو سال بعد رہا ہو گئے تھے۔

رہائی کے بعد دونوں نے دوبارہ مردہ افراد کا گوشت نکال کر کھانے شروع کردیا، پولیس نے ایک مرتبہ پھر دونوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا تھا جنہیں بعد ازاں سرگودھا خصوصی عدالت نے دس سال سزا کا حکم سنادیاتھا۔