بحر اللہ ہزاروی کی حجاج کے لیے یادگار خدمات

527

بحراللہ ہزاروی

پاکستان کے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر حج بحراللہ ہزاروی کا گزشتہ دنوں اسلام آباد میں کورونا وائرس کے باعث انتقال ہوگیا تھا۔ مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کی ایک تحریر کے کچھ اقتباسات قارئین جسارت کی خدمت میں پیش ہیں۔
وہ لکھتے ہیں کہ ’’سعودی عرب کو اللہ تعالیٰ نے پیش بہا نعمتوں سے سرفراز کیا ہے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان حجاج کرام کی سہولیات کے لیے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہیں اور ان احکام کی روشنی میں مملکت کے ہر اہلکار کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ اللہ کے مہمانوں کی بھر پور خدمت کرے اور انہیں سعودی عرب میں قیام کے دوران کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ ہو۔ یہی وجہ ہے کہ سعودی عرب میں جہاں مختلف وزارتیں حجاج کی خدمات میں مصروف ہوتی ہیں، وہیں سعودی عرب میں حج کے لیے ایک سپریم کونسل بھی ہے۔مملکت اور اس کی قیادت کے لیے یہ بہت عظیم ذمے داری ہے جو اللہ نے ان کے سپرد کی ہے اور وہ اسے بحسن و خوبی انجام دے رہے ہیں۔ سعودی عرب کا ہر فرد ہر حاجی کی خدمت کرنا باعث فخر سمجھتا ہے اور اسے یقین ہے کہ یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے سب سے بڑا انعام ہےکہ انہیں ضیوف الرحمن کی خدمت کا شرف حاصل ہے۔
سعودی حکومت کی اس سلسلے میں کاوشیں محض توسیع و تجدید کے منصوبوں ، سڑکوں، پلوں کی تعمیر اور حجاج وزائرین کے لیے مفت طبی امداد تک محدود نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر اور بھی کئی اہم چیزوں کااحاطہ کرتی ہیں، مثلاً حجاج اپنے اس فریضے کو انتہائی سکون اور رب کے سامنے مکمل عاجزی اور انکساری سےادا کرتے ہیں۔ اس کا مقصد صرف یہ ہے کہ وہ اپنا مذہبی فریضہ سکون، امن اور احساس تحفظ کے ساتھ ادا کرسکیں‘‘۔
مرحوم بحراللہ ہزاروی نے 2003ء سے 2010ء تک سعودی عرب میں پاکستان حج مشن میں بطورڈپٹی ڈائریکٹر حج خدمات انجام دیں۔ وہ اپنی ملازمت سے سبکدوش ہونے کے بعد بھی کئی سال حرمین شریفین میں پاکستانی حجاجِ کرام کی بے لوث خدمت کرتے رہے۔ عربی زبان میں مہارت رکھنے کی وجہ سے انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات میں ایک پل کا کام کیا۔