سعودی اوقاف کمیٹی جامعہ الخیریہ کے وفد کی قونصل جنرل سے ملاقات

206

سعودی کاروباری شہر جدہ میں پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے دفتر میں سعودی اوقاف کمیٹی جامعہ الخیریہ کے وفد سے ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی ڈائریکٹر فہد سعد محمد الضعسیری کر رہے تھے۔ اس دوران قونصل جنرل کو کمیٹی کی رفاہی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ قونصل جنرل نے کمیٹی کی جانب سے پاکستانی عمرہ زائرین کو دی جانے والی امداد اور مہمان نوازی کی تعریف کی، خصوصاً ایسے زائرین کے مسائل کے حل کی کوششوں پر جو کورونا وائرس کے باعث بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی کے بعد مکہ مکرمہ یا دیگر سعودی شہروں میں پھنس گئے تھے۔
قونصل جنرل نے وسیع انتظامات کرنے کے ساتھ پاکستانی عمرہ زائرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے پر سعودی وزارت حج و عمرہ اور جامعہ الخیریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے خادم حرمین شریفین ، ولی عہد اور سعودی حکومت کی شہریوں و غیر ملکیوں کی سلامتی اور سماجی و اقتصادی بہبود کے لیے موثر اقدامات کرنے پر تعریف کی۔ اجلاس میں ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی مجید میمن نے بھی شرکت کی۔