پیپلزپارٹی کی کرپشن اور بے حسی نے سندھ کو صدیوں پیچھے دھکیل دیا ہے، شہباز گل

748

وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی کرپشن اور بے حسی نے سندھ کو صدیوں پیچھے دھکیل دیا ہے، جیکب آباد سول اسپتال کے وارڈز میں اندھیرے اور گندگی کی حکمرانی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کے دورے کے بعد اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔

خیال رہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے وزیراعظم کو چیلنج کیا تھا کہ سندھ کے اسپتال ملک کے بہترین اسپتال ہیں۔

انہوں نےپیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے چیلنج کا جواب دیتے ہوئے جیکب آباد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کا دورہ کیا اور وہاں ویڈیو ریکارڈ کرکے اسپتال کی حالت زار کو منظر عام پر لے آئے۔

جیکب آباد سول اسپتال کے دورے کے موقع پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری کئے گئے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اپنی آنکھوں سے دیکھ آیا کہ سندھ کے اسپتالوں سے بہتر تو بلوچستان کے اسپتال ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول میاں جیکب آباد ڈسٹرکٹ کا سب سے بڑا اسپتال کھنڈر کا منظر پیش کر رہا ہے، یہاں کورونا تو دور کسی عام مرض کا علاج بھی ممکن نہیں ہے۔

https://twitter.com/SHABAZGIL/status/1274590679956697092?s=20

ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ بلاول زرداری کے دعوؤں کے برعکس یہاں انسانوں سے جانوروں جیسا سلوک روا ہے، عوام گدھا گاڑی میں مریض کو اسپتال لارہے ہیں جہاں گندگی کے ڈھیر ان کا منہ چڑھا رہے ہیں،خطرہ ہے کارڈیالوجی سینٹر کی چھت کسی لمحے سر پر آن گرے۔

معاون خصوصی نے بلاول بھٹو زرداری سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ کیا آپ اپنا علاج یہاں کرواسکتے ہیں ؟نہیں تو پھر عوام کے ساتھ یہ ظلم کیوں کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے چیلنج کیا تھا کہ سندھ کے اسپتال ملک کے بہترین اسپتال ہیں دکھی دل سے جیکب آباد ڈسٹرکٹ اسپتال کی حالت زار پیش کررہا ہوں جو پیپلز پارٹی کی گڈ گورننس کا اصل چہرہ ہے ، پیپلز پارٹی کی کرپشن اور نااہلی کی بدولت انسانوں سے جانوروں جیسا سلوک رو رکھا جارہا ہے ۔