پابندیوں میں نرمی، دبئی میں عوامی لائبریریاں کھل گئیں

340

دبئی میں شاپنگ مالز اور تجارتی مراکز کھلنے کے بعد عوامی لائبرریوں کو بھی کھول دیا گیا۔

اماراتی میڈیا کے مطابق عوام کے لیے لائبریریاں کھولنے کا اعلان دبئی کلچر اینڈ آرٹس اتھارٹی کی جانب سے کیا گیا ہے۔

عوامی لائبریریاں صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک ایس او پیز کے تحت کھولی جائیں گی اور لوگوں کو تمام تر کورونا احتیاطی تدابیر کے تحت داخلے کی اجازت ہو گی۔

چند روز قبل 12سال سے کم عمر بچوں اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو شاپنگ مالز میں داخلے کی اجازت دی گئی تھی جس کے بعد لائبریریاں کھولنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

دبئی کلچر اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مارچ کے وسط میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بند کی گئی لائبریریاں جمعہ کے سوا پورے ہفتے کھلی رہیں گی البتہ ان میں تقاریب اور ورک شاپس کا انعقاد ممنوع ہوگا۔

دوسری جانب لاک ڈاؤن سے متاثرہ زندگی کو نارمل کرنے کے لیے فٹنس سینٹرز اور جمز کو بھی 100 فیصد گنجائش کے ساتھ کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔