امریکی مذہبی آزادی کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں‘مرکزی علما کونسل

198

فیصل آباد(صباح نیوز) مرکزی علما کونسل پاکستان کے چیئرمین اور سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہاہے امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی، مذہبی آزادی کی رپورٹ جس میں حکومت پاکستان کے پینل کورٹ کے آرٹیکل کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے، علما کونسل اس رپورٹ کو مسترد کرتی ہے، حکومت امریکا کو واضح کر دے کہ وہ ہمارے مذہبی اور اندرونی معاملات میں مداخلت بند کرے، پاکستان کی حکومت کا مذہب اسلام ہے اور اس ملک میں کوئی بھی قانون قرآن و سنت کے متصادم نہیں بن سکتا۔قادیانی اپنی آئینی اور دستوری حیثیت کو تسلیم نہ کرکے حکومتی رٹ کو چیلنج کررہے ہیں۔ قادیانیوں کو پارلیمنٹ نے غیر مسلم اقلیت قرار دے رکھا ہے، انبیائے کرام علیہم السلام کی توہین تمام مذاہب کے نزدیک حرام ہے۔پاکستان میںکسی بھی بیرونی دباؤ پر تحفظ ختم نبوت جیسے قوانین کو چھیڑنے یا ختم کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں خاتم النبیین ؐکی قرار داد اور پنجاب اسمبلی میں توہین رسالتؐ پر مبنی متنازع لٹریچر کی پابندی کے بعد قادیانی عالمی سطح پر پاکستان اور عقیدئہ تحفظ ختم نبوت ؐ کے خلاف سازشیں کررہے ہیں۔پہلے بھی ان کی سازشوں کو اتحاد امت نے ناکام کیا اور اب بھی ان شا اللہ ناکام بنائیں گے،سندھ اسمبلی میں خاتم النبیین ؐ لکھنے کی قرار داد پیش کرنے والے ارکان کو سلام عقیدت اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔