بھارت نے آنکھ اٹھائی توفروری یاد رکھے‘شاہ محمود قریشی

294
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کورونا سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ بھارت نے آنکھ اٹھائی توفروری کی طرح یاد رکھے۔سینیٹ اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ یقیناً بھارت بڑا ملک اوراس کی معیشت بڑی ہے لیکن ہم بھارت کی گیدڑبھبکیوں میں نہیں آئیں گے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان بھی سوچ رہا ہے کہ امن وامان میں رخنہ بھارت ڈال رہا ہے، آج نیپال، بھوٹان اورسری لنکا بھی بھارت کے خلاف ہے، چین کی سوچ کیا ہے میں جانتا ہوں، چین نے بھی بھارت کے 5اگست کے اقدام کو مسترد کردیا، اب بھارت تنہا ہورہا ہے، ہمارا کام بھارت کو بے نقاب کرنا ہے وہ ہم کریں گے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف کوئی جھوٹا فلیگ آپریشن کرسکتا ہے،اگر بھارت نے پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو پاکستان اس کا منہ توڑ جواب دے گا۔انہوں نے کہا کہ قومی مفاد کو مد نظر رکھ کر فیصلے کیے جاتے ہیں، پاکستان کی سالمیت پر ہم سب متحد ہیں، پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کریںگے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ بھارت سفارتی محاذ پر تنہا ہوگیاہے اور کوروناوائرس کے تناظر میں دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔شاہ محمود قریشی نے اس تاثر کو مسترد کردیا کہ پاکستان نے بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کاغیر مستقل رکن بننے کے لیے کھلا راستہ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیچھے نہیں ہٹا بلکہ اس نے گزشتہ سال 5اگست کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے غیرآئینی اقدامات پر اس کی غیر مستقل رکنیت کیخلاف ووٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت کے دوست ہیں تو ہمارے بھی دوست ہیں، اگر وہ اپنے مفاد کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے تو ہمارے دوست بلاک کریں گے۔