جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کیس کا فیصلہ محفوظ، مختصرفیصلہ آج سنایا جائے گا

355

اسلام آباد:عدالت نے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کیس کا فیصلہ محفوظ  کردیا، مختصرفیصلہ آج سنایا جائے گا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان میں جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس کی سماعت کے دوران جسٹس قاضی فائز عیسی کے وکیل منیر اے ملک نے جواب الجواب پردلائل دیتے ہوئے کہا کہ سمجھ نہیں آرہی حکومت کا اصل میں کیس ہے کیا۔

منیر اے ملک نے اپنے دلائل میں کہا کہ الزام عائد کیا گیا کہ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے جان بوجھ کر جائیدادیں چھپائیں، حکومت رسیدیں دے تو سامنے آجائیگا کہ جائیدادیں کس نے سرچ کیں، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کبھی اہلیہ کی جائیدادیں خود سے منسوب نہیں کیں جبکہ الیکشن اور نیب قوانین میں شوہر اہلیہ کے اثاثوں پر جوابدہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی جج جسٹس جبرالٹر کی اہلیہ کے خط اور انکی برطرفی کا حوالہ دیا گیا جبکہ جسٹس جبرالٹر نے خود کو اہلیہ کی مہم کیساتھ منسلک کیا تھا۔

یہ بھی پڑھییں: احتساب کے نام پر ملک میں تباہی ہورہی ہے‘ عدالت عظمیٰ

منیراے ملک نے کہا کہ فروغ نسیم نے کہا ان کا اصل کیس وہ نہیں جو ریفرنس میں ہے اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ آنے میں دیر کردی، بد قسمتی سے فروغ نسیم غلط بس میں سوار ہوگئے ہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسی کے وکیل منیراے ملک کا مزید کہنا تھا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنی اورعدلیہ کی عزت کی خاطر ریفرنس چیلنج کیا، چاہتے ہیں کہ عدلیہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف ریفرنس کالعدم قرار دے۔

دوسری جانب جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کےسامنے جوابدہ ہیں،ہم آئین اور قانون کے پابند ہیں،انشااللہ اپنا کام آئین اور قانون کے مطابق کرینگے اور ججز کا اتفاق ہوا تو آج چار بجے فیصلہ سنائیں گے۔