کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ،اسپورٹس شاپس مالی بحران کا شکار

694

کراچی ( موسیٰ غنی): کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں ماند پڑنے سے جہاں کھلاڑی بےروزگار ہوگئے ہیں وہیں اسپورٹس شاپس پر کام کرنے والے ملازمین نوکریوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

کراچی میں کھیلوں کے میدان بندہوئے 3 ماہ سے زائد کا عرصہ ہونے کو ہےجس سے کھیلوں کی سرگرمیوں سے جڑے ہزاروں ملازمین کی نوکریاں مکمل  طور پرختم ہوگئیں ہیں ، کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث شہر قائد میں گراؤنڈز بند ہونے سے اسپورٹس شاپس پر کسی بھی قسم کی خریداری نہیں ہورہی ہے جو ملازمین کے روزگار چھینے کا سبب بن رہا ہے ۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ ( پی ایس بی) کھلاڑیوں کیلئے تو مالی معاونت کی کوشش کررہا ہے لیکن اسپورٹس شاپس کے ذریعے روزگار کمانے والوں کو سراسر نظرانداز کردیا گیا ہے ۔

اسپورٹس شاپس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ  ملک میں پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کےانعقاد نے انہیں امید دلائی تاہم کورونا وائرس نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے ، ڈیلرنے بتایا کہ مختلف ممالک سے  کھیلوں کا سامان منگوایا جاتا ہے جس کی ایڈوانس بکنگ کرائی جاتی ہے ، سامان کو پہنچے آج 3 مہینوں سے زائد کا عرصہ گز رگیا ہے لیکن کھیلوں کی سرگرمیاں بحال نہیں ہوسکیں ہیں جس سے انہیں شدید مالی  نقصان کا سامنا ہے ۔

دوسری جانب قومی کھیل ہاکی  سمیت  بیڈمنٹن  اور فٹ بال کے ابھرتے ہوئے کئی کھلاڑی بھی مالی مشکلات کا شکار ہیں۔

ڈیپارٹمنٹل  کرکٹ سے بےروزگار ہونےوالے کھلاڑی بھی شدید مالی مسائل کا سامنا کررہے ہیں ، پی سی بی کچھ کھلاڑیوں کی نگرانی کررہا ہے لیکن  اکثر کھلاڑی اب بھی  فاقہ کشی پر مجبور ہیں ۔