حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے سے مطمئن ہے، شہزاد اکبر

704

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے سے مطمئن ہے۔

شہزاد اکبر نے کہاکہ سپریم کورٹ نے مختصر فیصلے میں صدارتی ریفرنس کالعدم قرار دیا ہے، آج  کا دن بہت اہم تھا ، حکومت کے لیے عدلیہ کا وقار بہت  مقدم ہے،جسٹس قاضی فائز عیسی کے اہل خانہ کو نوٹس بھیجے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  چیئرمین ایف بی آر  رپورٹ جوڈیشل کونسل بھجوانے کے پابند ہونگے،کمشنر انکم ٹیکس 75روز میں چیئرمین ایف بی آر کو رپورٹ پیش کرینگے ،رپورٹ سیکریٹری سپریم جوڈیشل کونسل کو بھیجی جائے گی، سپریم جوڈیشل کونسل رپورٹ کا جائزہ لے گی، جس کے بعد تفصیلی فیصلہ جو بھی آئے گا وہ ہمارے لیے رہنمائی ہوگا۔

معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ فیصلہ کسی کی ہار یا جیت نہیں ہے،حکومت چاہتی ہے پاکستان میں عدلیہ آزاد ہو،آئین کے تحت تین طریقوں سے ججوں سے  متعلق سوالا ت کیے جاسکتے ہیں،ایک طریقہ  کوئی بھی شخص سپریم کورٹ جوڈیشل کونسل کو معلومات بھیج سکتا ہے،دوسرا طریقہ حکومت کی جانب سے صدر مملکت ریفرنس بھیج سکتا ہے،تیسرا اور آخری طریقہ یہ ہوتا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل ازخود نوٹس لے سکتی ہے۔