کراچی میں دستی بم حملہ، ایک جاں بحق،7 زخمی

463

کراچی کے علاقے لیاقت آباد 10 نمبر میں انجمن اسلامیہ کالج کے باہر دستی بم حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور رینجرز اہلکار سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے حوالے سےمتعین مرکز کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد قطار بنائے کھڑی تھی کہ اس دوران زور دار دھماکا ہوا جس کے بعد افراتفری مچ گئی۔

ایس پی لیاقت آباد کا کہنا ہے کہ کالج کے باہر کھڑی پولیس وین کو دستی بم سے نشانہ بنایا گیا ہے، دھماکے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ رینجرز اہلکار سمیت 7 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

جائے دھماکا کو پولیس نے سیل کردیا ہے اور اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے، بی ڈی ایس کا عملہ موقع پر پہنچ گیا ہے اور علاقے کی  سرچنگ کی جارہی ہے۔

دھماکے کے بعد احساس پروگرام مرکز کوبند کر دیا گیا ہے اور عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے، پولیس کی تفتیشی ٹیمیں جائے دھماکا پر پہنچ گئی ہیں اور ابتدائی شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔