‘ٹرمپ نے الیکشن میں کامیابی کیلیے چینی صدر سے مدد مانگی’

398

سابق امریکی مشیر قومی سلامتی امور جان بولٹن نے انکشاف کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے دوبارہ الیکشن میں فتح یقینی بنانے کے لیے چین سے مدد مانگی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی مشیر قومی سلامتی امور جان بولٹن نے امریکا چین تعلقات کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں، جان بولٹن کا کہنا ہے کہ کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے دوبارہ الیکشن میں فتح یقینی بنانے کے لیے چین سے مدد مانگی،ڈونلڈٹرمپ نے چینی صدر سے کہا کہ دوبارہ الیکشن میں فتح یقینی بنوائیں جب کہ بعد میں ڈونلڈ ٹرمپ نے یکسر مختلف بیان دیا تھا،الزام لگایا تھا کہ چین انھیں ہرانا چاہتاہے۔

جان بولٹن کا کہنا ہے کہ ٹرمپ شی ملاقات جون میں جاپان میں ہوئی تھی جس میں  ٹرمپ نےباتوں کا موضوع بدلا،الیکشن کی بات کی اور چینی صدر سے کہا امریکی مصنوعات خریدیں۔

سابق مشیر نے کہا کہ  ٹرمپ کے مواخذے کی تحقیقات میں کئی اہم سوالوں پر بات ہونے سے رہ گئی،صدر ٹرمپ نے مجرمانہ تحقیقات بھی رکوانے کی کوشش کی تھی ،ٹرمپ نے سیاسی وجوہات کے سبب قانون کے نفاذ سے متعلق امور میں مداخلت کی کوشش کی۔

جان بولٹن کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے ایک بار پوچھا کہ کیا فن لینڈ اس وقت روس کا حصہ ہے جب کہ صدر ٹرمپ کےساتھی پیٹ پیچھے ان کی نقلیں اتارتے تھے۔