پیما کا ڈاکٹر پر فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

328

پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) نے قومی ادارہ برائے امراض قلب (NICVD)کے شعبۂ ایمرجنسی  میں فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے اور فائرنگ میں ملوث پولیس اہلکار کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پیماء ہاؤس کراچی سے جاری بیان میں پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر عظیم الدین  نے کہا کہ ڈاکٹر اس وقت مشکلات کا شکار ہیں، وباء کی صورتحال میں فرنٹ لائن پرموجود ہیں ، حفاظتی سامان کی قلت کے باوجود شدید نفسیاتی دباؤ میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں، پیما شروع دن سے حکومت سے ڈاکٹروں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتی آرہی ہے لیکن حکومت سندھ کے سر پر جوں تک نہیں رینگ رہی اور اسی سستی اور غفلت کے نتیجے میں گزشتہ رات ایک ڈاکٹر  ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، اللہ کا شکر ہے کہ جان بچ گئی ۔

  انہوں نے مزید  کہا کہ قومی ادارہ برائےامراض قلب کی ایمرجنسی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار کی فائرنگ سوالیہ نشانہ ہے، پولیس ڈاکٹروں کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے اپنے پیٹی بند بھائیوں کو بچانے کے لیے حیلے بہانے تراش رہی ہے اور روایتی سستی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے،پیماء مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت سندھ ڈاکٹروں کے تحفظ کو یقینی بنائے، اسپتالوں کے باہر سیکورٹی تعینات کی جائے اور فائرنگ میں ملوث پولیس اہلکار کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔ اگر پولیس  نے اپنے پیٹی بند بھائی کو بچانے کی کوشش کی تو تمام ڈاکٹر تنظیموں کے ساتھ مل کر سخت اقدام پر مجبور ہونگے۔ ساتھ ہی حکومت سندھ سے زخمی ڈاکٹر کے علاج ومعالجہ کے تمام اخراجات اٹھانے کا بھی مطالبہ کیا ۔