ادھوری نیند لینے کے نقصانات

759

تجربہ و جدید سائنس دونوں ہی سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ ضرورت سے کم نیند لینے پر انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور انسان مختلف قسم کے عارضوں میں مبتلا ہوجاتا ہے جن میں سے کچھ خطرناک بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔ درجہ ذیل میں اُن چند مگر بڑے نقصانات کا ذکر کیا جارہا ہے جو کہ نیند کی کمی کی وجہ انسان کو پہنچ سکتے ہیں۔

1) ایک تجربے سے انکشاف ہوا کہ جو مردو زن صرف دو دن مناسب نیند نہ لیں، ان میں بھوک پیدا کرنے اور روکنے والے ہارمونوں کا نظام گڑبڑا جاتا ہے۔ نیند کی کمی سے بھوک جنم دینے والا ہارمون،گہرلین (Ghrelin) زیادہ بنتا جبکہ روکنے والا، لیپٹن کم بنتا ہے۔
مسئلہ یہ ہے کہ تب انسان کو چٹ پٹے اور کاربوہائیڈریٹ والے کھانوں کی بھوک زیادہ لگتی ہے۔ یوں انسانی جسم کو ضرورت سے زیادہ کیلوری اور کولیسٹرول ملنے لگتے ہیں۔ یہ حالت طویل عرصہ برقرار رہے تو انسان کو فربہ بنا ڈالتی ہے۔

2) نیند میں کمی کے باعث انسان کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے والا مدافعتی نظام  بھی کمزور ہوجاتا ہے خصوصاً جو مرد و زن روزانہ سات گھنٹے سے کم نیند لیں، وہ دوسروں کی نسبت نزلہ، زکام، بخار وغیرہ میں زیادہ جلد مبتلا ہوتے ہیں۔ حتیٰ کہ ان میں ٹیکوں کا اثر بھی کم ہوجاتا ہے۔

3) ہمارے بدن میں ہر خلیے کو اپنا کام انجام دینے کی خاطر شوگر درکار ہوتی ہے۔ شکاگو یونیورسٹی میں کیے گئے تجربے سے انکشاف ہوا کہ جو خواتین و حضرات محض ایک ہفتہ مناسب نیند نہ لیں، ان میں انسولین مزاحمت جنم لیتی ہے۔ واضح رہے، انسولین ہارمون خون میں موجود شوگر کو خلیوں تک پہنچاتا ہے۔ انسولین مزاحمت کے باعث جسمانی خلیے صحیح طرح یہ ہارمون استعمال نہیں کرپاتے۔ چناںچہ یہ خلل آخرکار انسان کو ذیابیطس قسم 2 جیسے ناقابلِ علاج مرض میں مبتلا کردیتا ہے۔

4) شگاگو یونیورسٹی ہی میں کی گئی اہم تحقیق سے یہ بھی انکشاف ہوا کہ کم سونے سے انسان مسلسل جسمانی (Stress) دبائو میں رہتا ہے۔ وجہ یہ ہے کہ سہ پہر اور شام کو ان کے بدن میں جسمانی دبائو پیدا کرنے والا ہارمون، کورٹیسول کثرت سے پیدا ہوتا ہے۔

یہ ہارمون خاصا خطرناک ہے، کیونکہ اس کی ازحد افزائش سے انسان میں دل کی دھڑکن، خون کے دبائو اور شکر خون کی سطح میں اضافہ ہوجاتا ہے۔ یہی اضافے پھر انسان کو ہائپر ٹینشن،امراض قلب اور ذیابیطس قسم 2میں مبتلا کرتے ہیں۔ مزیدبرآں کورٹیسول میں اضافہ بڑے غلط وقت پر ہوتا ہے کیونکہ سہ پہر و شام کو انسان عموماً آرام کے موڈ میں ہوتاہے۔

5) رات کو مناسب نیند نہ لینے کا ایک اور نقصان یہ ہے کہ انسان بروقت ردِ عمل ظاہر نہیں کرتا۔ چناں چہ ڈرائیونگ سمیت کئی روزمرہ سرگرمیاں انجام دینا خطرناک عمل بن جاتا ہے۔ شدید تھکن کا شکار مرد و زن ناخوش بھی رہتے ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ دماغ کے ایک ہی کیمیائی مادے نیند اور مزاج (Mood)، دونوں کو کنٹرول کرتے ہیں۔

6)  نیند میں کمی کے شکار لوگ زرد جلد اور آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کی وجہ سے فوراً پہچانے جاتے ہیں۔ اب ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ ایسے لوگوں میں کورٹیسول کی زیادہ افزائش کولاجن بھی نہیں بننے دیتی جس سے جلد بنتی ہے۔ اسی لیے کولاجن کی کمی کے باعث ان کی جلد میں جھریاں بننے لگتی ہیں۔

7) نیند نہ لینے سے جسمانی تکالیف کی شدت بھی بڑھ جاتی ہے۔ امریکی جان ہوپکنز یونیورسٹی کے ماہرین نے دوران تجربہ کمر درد کے شکار دس مرد و زن کو دانستہ ایک گھنٹا کم سلایا۔ تین دن بعد سبھی لوگ کمر میں زیادہ درد محسوس کرنے لگے۔