مشکل حالات کے باوجود 8ویں بار بجٹ پیش کرنے پر فخر ہے ‘مراد علی شاہ

368
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بجٹ پیش کرنے کے دوران اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مشکل حالات کے باوجود 8ویں بار بجٹ پیش کرنے پر فخر ہے۔ بدھ کو سندھ اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران انہوں نے کہا کہ کورونا اور ٹڈی دل کی وجہ سے صوبہ انتہائی مشکلات کا شکار ہے ، سندھ کے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھ کر بجٹ بنایا گیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کچھ حلقے 18ویں آئینی ترمیم جسے 2010ء میں مجلس شوری نے منظور کیا کے مندرجات پر نظر ثانی کے مطالبات اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں، این ایف سی ایوارڈ کے حصے کی تقسیم کے فارمولے پر بھی سوال اٹھائے جارہے ہیں۔18ویں ترمیم کو پلٹانے یا اس میں ترمیم کرنے سے وفاق کمزور ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں وفاق اور وفاقی اکائیوں کے مابین اعتماد کا فقدان ہو گا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئے اور وفاق کی اکائیوں کے ساتھ مل کر کام کرے، مضبوط وفاق ہی جمہوریت، معاشی خوشحالی اور ملک کی عوام کی فلاح و بہبود کے مفاد میں ہے۔ انہوںنے کہا کہ قومی اتفاق رائے اور مشترکہ حکمت عملی سے لوگوں کے مسائل حل کرنے ہیں،ہمیں آئین پر چلتے ہوئے قوم کے وسیع تر مفاد میں سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر سوچنا ہوگا۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہم عوام اور ملک کی خدمت کے لیے پر عزم ہیں، اس دھرتی کے ساتھ ہماری وفاداری کسی بھی شک سے بالاتر ہے، ہماری قیادت نے امن، استحکام اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ ہماری پارٹی استیصال، امتیاز اور غیر جمہوری اقدار اور روایات کے سامنے ایک دیوار کی مانند کھڑی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم یقین دلاتے ہیں کہ سندھ کے عوام کی حمایت سے آنے والے ہر چیلنج کا کامیابی سے سامنا کریں گے۔