امریکا، کال کے دوران ایئرپوڈز کان میں پھٹ گئے

731

نیویارک: چارجنگ کے دوران موبائل فون کی بیٹری کے پھٹنے کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں لیکن اب امریکا میں دوران کال کان میں ایئرپوڈز پھٹنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی نوجوان فون پر بات کررہا تھا کہ اسی دوران اچانک ایپل کے ایئرپوڈز اس کے کان میں ہی پھٹ گئے جس کے نتیجے میں نوجوان کے کان کی جلد جھلس کر بری طرح متاثر ہوئی۔

ڈاکٹرز کے مطابق کان میں ایئرپوڈز پھٹنے کے باعث نوجوان کی قوت سماعت متاثر ہوئی ہے اور اس کے کان میں بھی شدید درد ہے۔

نوجوان کا کہنا تھا کہ اس نے یہ ایئرپوڈز ایپل اسٹور سے 180 ڈالرز میں خریدے تھے اور انہیں گزشتہ کئی ماہ سے استعمال کررہا تھا اندازہ نہیں تھا کہ یہ پھٹ سکتے ہیں۔

ایپل کمپنی نے ایئرپوڈز پھٹنے کا سبب جاننے کے لیے انہیں اپنے پاس رکھ لیا اور نوجوان کے علاج معالجے پر آنے والے اخراجات بھی برداشت کرنے کا اعلان کیا۔