پی ٹی وی کے پہلے اینکر طارق عزیر انتقال کرگئے

1075

لاہور: پاکستان ٹیلی ویثرن (پی ٹی وی)کے پہلے اینکر، شاعر اور ادیب طارق عزیز انتقال کرگئے۔

تفصیلات کے مطابق اہلخانہ نے طارق عزیز کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کی طبعیت اچانک بگڑ گئی اور حرکت قلب بند ہونے سے جہانِ فانی سے کوچ کرگئے۔

طارق عزیز 28 اپریل 1936ء کو جالندھر، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے،انہوں نے ابتدائی تعلیم ساہیوال سے ہی میں حاصل کی۔

طارق عزیز کو پاکستان کے سرکاری ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے کوئز شو ‘نیلام گھر’ سے پہچانا جاتا ہے جو سب سے پہلے 1974 میں نشر ہوا تھا۔

طارق عزیز نے کئی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہربھی دکھائے ہیں جبکہ یہ 1997 سے 1999 تک سابق رکن قومی اسمبلی بھی رہ چکے ہیں۔

بعد ازاں اس مقبول ترین شو کا نام بدل دیا گیا تھا اور اسے ‘طارق عزیز شو’ اور بعد میں ‘بزم طارق عزیز ‘ کے نام سے جانا جاتا تھا۔

انہیں ان کی فنی خدمات پر بہت سے ایوارڈ مل چکے ہیں اور حکومتِ پاکستان کی طرف سے 1992ء میں حسن کارکردگی کے تمغے سے بھی نوازا گیا۔

طارق عزیز ایک علم دوست شخصیت تھے  اور ان کا مطالعہ بہت وسیع تھا، آپ کی شائع ہونے والی تصنیفات کا ایک  مجموعہ” داستان” کے نام سے اورپنجابی شاعری کا مجموعہ کلام “ہمزاد دا دکھ” شائع ہوچکا ہے۔

طارق عزیز نے نہ صرف اردو بلکہ اپنی مادری زبان پنجابی میں بھی شاعری کی۔