مودی یا تو جواب دیں یا ناکامی کا اعتراف کریں، اسدالدین اویسی

540

نئی دہلی: آل انڈیا مجلسِ اتحاد المسلمین پارٹی کے صدر اسدالدین اویسی نے چین کے ہاتھوں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو کہا کہ اپنی غلطی کا اعتراف کریں کہ آپ بھارتی سرحد اور فوجیوں کی ھفاظت نہیں کرسکے۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق اسدالدین اویسی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ وزیر اعظم اپنے ہیرو پن کے لبادے کو اُتار دیں اور عوام کو حقائق سے آگاہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ مودی یا تو جواب دینے کی ہمت کریں یا ہندوستان کا دفاع نہ کرنے پر اپنی ناکامی کا اعتراف کریں۔ کیا وہ چین کے ساتھ بات چیت جاری رکھیں گے حالانکہ اس نے ہندوستانی سرزمین پر قبضہ کیا ہے؟

اسدالدین نے کہا کہ مودی کا آئینی فرض ہے کہ وہ اپنے ملک کو بیرونی جارحیت سے بچائیں لیکن وہ ایسا کرنے میں نہ صرف ناکام رہے ہیں بلکہ اس سے مکمل طور پر لاپرواہ ہوگئے ہیں۔