وزیراعظم 2 روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے، گورنر سندھ سے ملاقات

895

کراچی: وزیراعظم عمران خان سندھ کے دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کراچی پہنچے، جہاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ان کا استقبال کیا جبکہ مدعو نا کرنے وزیراعلیٰ سندھ وزیراعظم کے استقبال کیلئے نہیں آئے۔

وفاقی وزرا، معاون خصوصی اور چیئرمین این ڈی ایم اے بھی وزیراعظم کے ہمراہ کراچی پہنچے ہیں۔

کراچی آمد کے بعد وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ کی ملاقات ہوئی ہے جس میں اہم امور پر بات چیت کی گئی ہے۔وزیراعظم کرونا وائرس سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں کرونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے سندھ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، کرونا مریضوں کے لیے موبائل اسپتال کا بھی معائنہ کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان دورے کے دوران تاجروں اور صنعت کاروں کے وفود سے ملاقات کریں گےجبکہ پی ٹی آئی کے صوبائی اراکین اسمبلی سے بھی ملاقات ہوگی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم سے ایم کیو ایم اور جی ڈی اے کی ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں،وزیراعظم  کل ایک بجے گورنر ہاوؑس میں جی ڈی اے کے وفد سردار عبدالرحیم، ڈاکٹر ارباب غلام رحیم، عارف مصطفیٰ خان جتوئی، عرفان اللہ مروت ملاقات کرینگے۔

 جی ڈی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد وزیراعظم سامنے این ایف سی ایوارڈ میں سندھ کے حصے، اسٹیل ملز کی نجکاری ، ٹڈی دل کے خاتمے اور کورونا وائرس سے نمٹنے کے حوالے سے بات چیت کریگا۔

وزیراعظم عمران خان کے اس سارے دورے سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو دور رکھا گیا ہے اور ان کو کسی بھی تقریب میں مدعو نہیں کیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کل ایک دن کے دورے پر لاڑکانہ بھی جائینگے۔