اپیکا  کا  حامد کریم کی سوشل میڈیا پر کردار کشی کی مذمت

703

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) محکمہ تعلیم اسکولز  کےآل پاکستان کلرکس ایسو سی ایشن (ایپکا) نے حامد کریم کی سوشل میڈیا پر کردار کشی کی مذمت کردی۔

آل پاکستان کلرکس ایسو سی ایشن (ایپکا)محکمہ تعلیم اسکولز کراچی کے صدر ملک خورشید احمد قادری نے ڈائریکٹر آف اسکولز ایلیمنٹری، سکینڈری و ہائر سکینڈری کراچی حامد کریم کی سوشل میڈیا پر کردار کشی کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جھوٹ اور من گھڑت کہانیاں گھڑکر تعلیمی افسران کی تذلیل برداشت نہیں کی جائے گی۔

خورشید احمد قادری نے مزید کہاکہ محکمہ تعلیم میں افسران کی بد عنوانیوں سے انکار نہیں لیکن بدعنوان افسران آج دندناتے پھر رہے ہیں انہیں کوئی روکنے اور ٹوکنے والا نہیں، سال 2012-13ءمیں رشوت کے عوض جعلی اور غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں مگر بھرتیوں میں ملوث افسران کو عزت و تکریم کے ساتھ بحال کیا گیایہ انصاف کا قتل نہیں تو اور کیا ہے؟ جن بدعنوان افسران نے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا اختیارات کا ناجائز استعمال کیاان سب کا احتساب کیا جائے ۔

انہوں نے مزید کہاکہ رشوت کے عوض سال2012ءمیں کی گئی بھرتیوں کے کیسز کو ری اوپن کیا جائے اور ملوث افسران کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بد عنوانی سوچ بھی سکیں۔

خورشید احمد قادری  کا مزید کہنا تھا کہ ڈائریکٹر اسکولز سکینڈری حامد کریم ایک شریف النفس افسر ہیں انکے دورانیہ میں تمام ملازمین کی داد رسی ہوئی۔ ایپکا ان پر لگائے گئے الزامات کو یکسر مسترد کرتی ہے۔