رپورٹر ولی خان بابر کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم گرفتار

578

کراچی: اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کراچیاوروفاقی انٹیلی جنس ایجنسی نےمشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جیو نیوز کے رپورٹر ولی خان بابر کےقتل کے مرکزی ملزم کوگرفتار کرلیا ہے۔

کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے وزیراطلاعات  ناصر حسین شاہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس  کرتے ہوئے کہا کہ ولی خان بابر پر فائرنگ کرنے والے اصل قاتل کامران کو گرفتار کرلیاہے، مرکزی ملزم کامران عرف ذیشان کو انٹیلی جنس ادارے کی مدد سے گرفتار کیا گیا ۔

پولیس نے گرفتار ملزم سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بمعہ ایمونیشن اور ایک دستی بم بھی برآمد کیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ ملزم نے گزشتہ چار پانچ سال سےلانڈہی اور دیگر علاقوں میں روپوشی کی زندگی گزاررہا تھا ۔

ملزم کامران نے اعتراف کیا کہ سپر مارکیٹ لیاقت آباد کے سامنے ولی خان بابر کی گاڑی پر فائرنگ کی اور فرار ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ ملزم نےانکشاف کیا کہ ولی خان بابر کو ایم کیو ایم لندن  کی قیادت کے احکامات پر ساتھیوں کی مدد سے 2011 میں قتل کیا،قتل کرنے کیلئے اسلحہ فیصل عرف موٹا نے فراہم کیا۔

ملزم نے دوران تفتیش فیصل عرف موٹا، شاہ رخ عرف مانی، محمد علی عرف علی، نوید عرف پولکا اور فیصل عرف نفسیاتی کی مدد سے قتل کا انکشاف کیا۔

کراچی پولیس چیف  نے کہا کہ ملزم نے دوران تفتیش قتل کی وجہ بتائی کہ ولی خان بابر ایم کیو ایم مخالف خبریں دیتا تھا ،اورعوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے لئے کام کرتا تھا جبکہ وہ بانی ایم کیو ایم کی سابقہ اہلیہ کا انٹرویو کرنا چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزم ایس ایم کامران عرف ذیشان نے ابتدائی تفتیش میں قتل کی چار وارداتوں اوراحسن آباد میں چائنا کٹنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔انہوں نے کہا کہ ملزم سے مزیدتفتیش جاری ہے جس میں مزید انکشافات اور گرفتاریاں متوقع ہیں۔

خیال رہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے گرفتار ملزم کو ولی خان قتل کیس میں سزائے موت سنائی ہے،خصوصی عدالت نے مارچ 2014 میں غیر حاضری میں سزائے موت سنائی تھی۔

اس موقع پر وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے مجھے خصوصی طور پر بھیجا گیا کہ سندھ پولیس کو حوصلہ افزائی کی جائے،2011 میں جیو نیوز کے رپورٹر ولی بابر کو قتل کرنے والا مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا ۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت پولیس کی اس بہترین کاوشوں کو سراہتے ہوئے خصوصی تعارفی اقدامات کرے گی ۔