“بھارت مجھے اور عمران خان کو مقبوضہ کشمیر آنے دے پھر دیکھے”

613

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع مظفرآباد آ کر دیکھ لیں کتنے کشمیری ان کے ساتھ ہیں اور  پھر بھارتی حکمران وزیر اعظم عمران خان یا مجھے بھی سرینگر آنے کی دعوت دیں پھر دیکھتے ہیں کتنے کشمیری ہمارے ساتھ ہیں ۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر دفاع کے من گھڑت بیان کا دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری بھارتی سرکار سے متنفر ہیں، بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے، بھارت انسانی حقوق کوپامال کررہا ہے،دنیا اس کودیکھ رہی ہے۔

قبل ازیں  گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے بھارتی وزیر دفاع کے بیانات مسترد کرتے ہوئےکہا تھا کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان دراصل کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش ہے، 5 اگست کا اقدام مقبوضہ وادی کشمیر میں آبادیاتی تناسب میں تبدیلی کی بھارتی سازش کا حصہ ہے، دنیا  کورونا وائرس سے بنرد آزما ہے تو بھارتی فورسز جعلی مقابلوں میں کشمیریوں کو شہید کررہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی وزیر دفاع نے آزاد کشمیر اور گلگت بلستان کے حوالے سے بیان دیا تھا جسے پاکستانی حکومت اور عوامی سطح  پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔