حکومت کی پی ٹی ایم کو بات چیت کی دعوت

577

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور وزیردفاع پرویزخٹک نے پشتون تحفظ موومنٹ( پی ٹی ایم) کو بات چیت کی دعوت دے دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیردفاع پرویزخٹک  نے پشتون تحفظ موومنٹ کو بات چیت کیدعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی ایم رہنما آئیں اور تمام متنازع مسائل سے متعلق امورپرتبادلہ خیال کریں، ہم خیبرپختونخوا سے ہیں، اجتماعی طورپر صوبے کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہیے، پختون قوم محب وطن ہے اور ملک کے دفاع میں اپنا خون بہانے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فاٹا کے عوام کو قومی دھارے میں لانے کے لیے ان اضلاع کو صوبے میں ضم کیا ، فاٹا کے عوام کیلئے سیاسی محاذ آرائی کے بجائے اجتماعی کام کریں۔ ملک مشکل دور سے گزررہا ہے جس میں عوام کو وبا کاکا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے، کورونا نے ملکی معیشت بلکہ پاکستانیوں کی زندگیوں کو بھی تباہ کردیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال پشتون تحفظ موومنٹ کے معاملے پر سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس ہوا تھا جس میں پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین، رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ سمیت پی ٹی ایم کے دیگر رہنماؤں نے شرکت کی تھی۔پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین نے کمیٹی کو تحفظات سے آگاہ کیا تھا جس پر کمیٹی کے کنوینر بیرسٹر سیف نے پی ٹی ایم کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

واضح رہے کہ 2014 میں چند طالب علموں نے قبائلی علاقوں سے باردوی سرنگیں ہٹانے کیلئے جدوجہد شروع کی تھی اور تحریک کا نام محسود تحفظ موومنٹ رکھا تھا۔تاہم جنوری 2018 میں کراچی میں اس وقت کے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے ہاتھوں نوجوان نقیب اللہ محسود کی جعلی پولیس مقابلے میں ہلاکت کے بعد تحریک ابھری اور اس کا نام تبدیل کرکے پشتون تحفظ موومنٹ رکھ دیا گیا۔