افغانستان میں مساجد پر دہشت گردوں کے حملے، پاکستان کی مذمت

836

اسلام آباد: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مساجد پر دہشت گردوں حملوں کی پاکستان نے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبادت گاہوں پر غیر انسانی حملوں کا کوئی جواز نہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ پاکستان عائشہ فاروقی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کابل میں مسجد وزیر اکبر خان اور مسجد شیر شاہ سوری پر دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ دہشت گرد حملوں میں معروف مذہبی اسکالرز ڈاکٹر ایاز نیازی اور مولوی عزیز اللہ مفلیح شہید ہوئے۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ افغان عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کے عزم کو دہراتے ہیں، دہشت گردوں  کی کارروائیوں میں دیگر نمازی بھی شہید ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کرتے ہیں، کابل حملے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ جمعہ کے روز کابل میں واقع دو مساجد میں جمعہ کی نماز کے دوران خودکش بم دھماکے میں آٹھ افراد شہید ہوگئے تھے۔