لاک ڈاؤن ہوگا یا نہیں، وزیراعظم سے مشاورت ہوگی

905

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان آج لاہور میں خصوصی اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں لاہور کے مختلف مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز زیر بحث آئے گی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے وزیراعظم کو صوبائی بجٹ اور انسداد کورونا اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ  وزراء کی کارکردگی بھی موضوع بحث ہوگی، عمران خان گورنر چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بھی  ملاقاتیں بھی کریں گے۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز اور مریضوں  کے لیے اسپتالوں میں سہولیات پر بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا جائے گا جبکہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جائے گا ۔ عمران خان گورنر ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت لاہور میں لاک ڈاؤن لگانے پر غور کررہی ہے  جس میں تمام بڑی مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند کرنے کی تجویز دی گئی ہے  جبکہ لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکوں پر سختی کی تجویز دی گئی ہے ،لاہورمیں لاک ڈاوَن کے دوران صرف میڈیکل اسٹورز کھلے رہنے کی اجازت ہوگی۔

تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور میں پیر سے 2 ہفتے کیلئے لاک ڈاؤن کرنے پر غور کیا جا رہا ہے،لاک ڈاؤن کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کریں گے۔