لاہور: سروسز اسپتال کی ایمرجنسی میں آتشزدگی، خاتون جاں بحق

455

لاہور کے سروسز اسپتال کی میڈیکل ایمرجنسی میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 50 سالہ خاتون مریض جاں بحق ہوگئیں۔

اسپتال حکام کے مطابق اسپتال کی میڈیکل ایمرجنسی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جہاں خاتون مریض تشویشناک حالت میں زیرِ علاج تھیں۔

پرنسپل سمز کے مطابق سروسز اسپتال کے آپریشن تھیٹر کے بوائلر پھٹنے سے آگ لگی، خاتون مریض آکسیجن نہ ملنے کے باعث جاں بحق ہوئی۔

امدادی ٹیمیوں نے موقع پر پہنچ کر میڈیکل ایمرجنسی میں لگی آگ پر قابو پالیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سروسز اسپتال کی میڈیکل ایمرجنسی میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیا۔

عثمان بزدار نے وزیر صحت اور سیکریٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کر کے 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کی جائے۔