سنتھیارچی کے خلاف مقدمے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

842

اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنماؤں پر الزامات کی بھوچاڑ کرنے والی امریکی بلاگر سنتھیارچی کیخلاف سیشن کورٹ نے مقدمہ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد  جہانگیر اعوان نے پی پی پی قیادت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جبکہ ایف آئی اے نے سنتھیارچی کیخلاف مقدمے کی مخالفت کردی۔

اس موقع پر امریکی بلاگر کے وکیل بھی عدالت میں پیش ہوئے اور مقدمہ درج نہ کرنے کی استدعا کی۔

دوسری جانب پی ٹی اے نے بھی امریکی شہری کیخلاف مقدمے کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کی، ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ محکمہ پہلے انکوائری کرتا ہے، درخواست گزار متاثرہ فریق نہیں۔

پی پی پی وکیل نے موقف اپنایا کہ بینظیر بھٹو کے خلاف متنازعہ ٹوئٹ پر پیپلزپارٹی کا ہر کارکن متاثرہ فریق ہے، جس  پر عدالت نے سوال کیا کہ بینظیر کے ورثا موجود ہیں وہ خود درخواست کیوں نہیں دیتے؟۔

واضح رہے کہ صدر پیپلزپارٹی اسلام آباد نےسینتھیا ڈی رچی کیخلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی تھی۔