یہ بجٹ نہیں تباہی کا نسخہ ہے، شہباز شریف

582

لاہور: قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہےکہ یہ بجٹ نہیں تباہی کا نسخہ ہے، بجٹ سےملک کی رہی سہی معاشی سانسیں بھی رک جائیں گی۔

شہبازشریف نے بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہاکہ بجٹ غریب کش ہے،مہنگائی اور بیروزگاری مزید بڑھے گی، بجٹ صرف تحریک انصاف کے فنانسرزاور مفاد پرستوں کو نوازنے کے لیے بنایا گیا ہے، ترقیاتی بجٹ میں کمی نیک فال نہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نےاپنی نالائقی پہلےن لیگ پر اوراب کوروناکےپیچھےچھپانےکی کوشش کررہی ہے، بجٹ میں سی پیک  کا منصوبہ روک کر بلوچستان کو نظر انداز کیا گیا۔

قائد حزب اختلاف کا مزید کہنا تھا کہ  بجٹ میں آئی ایم ایف کے دباؤپر تنخواہوں اور پینشن میں اضافہ نہ کرنا ظلم ہے، صاف مطلب ہے آئندہ آئی ایم ایف اجلاس سے قبل حکومت منی بجٹ لائی گی، حکومت بتائے کہ  معیشت چل نہیں رہی تو 4963ارب ریونیوکا ہدف کیسے پورا کرے گی؟ٹیکس ریونیو کا1.7 ٹریلین ارب کاتاریخی خسارہ حکومت کی کارکردگی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ دوسال میں موجودہ حکومت نے قومی قرض میں 30فیصد اضافہ کردیا، حکومت  نے انتہائی زیادہ شرح سود پر بینکوں سے 1723ارب روپے قرض لیا،حکومت مقامی بینکوں سے آئندہ سال  مزید ایک ہزار ارب قرض لینے جارہی ہے، حکومت نے 300ارب کی جگہ 1700 ارب قرض لیا جو ہدف سے 500فیصد زیادہ تھا۔