مصباح اور یونس کی کامیاب کرکٹ جوڑی پر ایک نظر

568

لاہور: مصباح الحق اور یونس خان کی جوڑی 2010  میں مصباح الحق قومی ٹیم کی قیادت سنبھالنے کے بعد سےپاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اب دونوں کھلاڑی ایک نئے انداز میں پاکستان کرکٹ سے منسلک ہوچکےہیں ۔

کرکٹ کیرئیر کے دو پرانے دوست اب ڈریسنگ روم میں بیٹھ کرمیدان میں اترنے والے کھلاڑیوں کی تربیت کریں گے۔دونوں سابق کھلاڑی دورہ انگلینڈ کے دوران قومی ٹیم کی کوچنگ کے فرائض سرانجام دیں گے ۔دورہ انگلینڈ کیلئے قومی ٹیم  رواں سال اگست-ستمبر میں میزبان انگلینڈ کے خلاف 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 میچوں پرمشتمل سیریز کھیلے گی۔

یونس خان اور  مصباح الحق نے ٹیسٹ کرکٹ کی 53 اننگز میں ایک ساتھ بیٹنگ کی۔ جہاں انہوں نےمشترکہ طور پر 70 سے  کچھ کم اسٹرائیک ریٹ کےساتھ 3213 رنز بٹورے۔جس میں  دونوں کھلاڑیوں نے پاکستان کیلئے 15مرتبہ سنچریوں اور 7 مرتبہ نصف سنچریوں پر مشتمل شراکت قائم کی۔

یاد رہے کہ مصباح الحق اور یونس خان کی جوڑی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ بھی ایک ساتھ ہی لی۔ دونوں کھلاڑیوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ ڈومانیکا میں کھیلا۔ اس میچ میں101 رنز سے کامیابی نے پاکستان کو ویسٹ انڈیز میں پہلی ٹیسٹ سیریز جیتنے میں مدد کی۔

ویسٹ انڈیز میں دونوں کھلاڑیوں  نے کیرئیر کا آخری میچ کھیلا  جہاں مصباح الحق نے سیریز جیت کر پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان ہونے کا اعزاز حاصل کیا وہیں یونس خان نے 10 ہزار سے زائد رنز بنانے  کر ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے سب سے کامیاب بلے باز بننے کا اعزازاپنے نام کیا۔

میچ کے اختتام پر نوجوان کھلاڑیوں نے دونوں سینئر کرکٹرز کو اپنے کندھوں پر اٹھا کر میدان کا چکر لگایا۔  جس کی تصویر آج بھی کرکٹ شائقین  کے ذہنوں میں نقش ہے۔