ٹڈی دل ملکی معیشت کے لیے خطرہ ہے، ممتاز حسین

644

کراچی : نائب امیر صوبہ سندھ ممتاز حسین سہتو کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل ملکی معیشت کے لیے خطرہ ہے، بلدیاتی اداروں کو اختیارات ملنے چاہیے۔

ممتاز حسین سہتو اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

ممتاز حسین سہتو نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاق صوبوں کو NFCایوارڈ دے،اٹھارہویں ترمیم کی مشروط حمایت کرتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ عوام کے مفاد میں کوئی سیاسی پارٹی بات نہیں کرتی،ن لیگ اور پیپلز پارٹی ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کرنے کے لیے متفق ہیں۔

حافظ نعیم الرحمن  کا مزید کہنا تھا کہ 2007میں پاکستان اسٹیل نے 16ارب روپے کا منافع دیا تھا،پرائیویٹ اداروں کو سپورٹ کرنے اور ان کو تقویت پہنچانے کے لیے سب ایک ہیں،اسٹیل مل قومی ادارہ ہے جسے کوڑیوں کے دام بیچا جارہا ہے،پاکستان کے سیکورٹی ادارے اسٹیل مل کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کے الیکٹرک ایک پرائیویٹ ادارہ ہے جسے 26ارب روپے کی سبسڈی دی گئی،وفاق نے اعلان کیا کہ وفاق 1400میگاوارڈ بجلی کے الیکٹرک کو دے گا،من پسند اداروں کو سپورٹ کیا جارہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے کورونا کی وبائی صورتحال کے باوجود تین ماہ میں صرف تین سو بیڈ کا انتظام کیا ہے،عوام کا کام احتیاط کرنا ہے حکومت بتائے کہ اس نے اپنے حصے کا کتنا کام کیا؟

انہوں نے مزید کہا کہ وفاق نے ایکسپو سینٹر میں این ڈی ایم اے کے تحت آئسولیشن سینٹر بنایا جو آج پکنک پوائنٹ بنا ہوا ہے،سرکاری اسپتال اسی شہر کا حصہ ہے حکومت اس میں آئسولیشن وارڈ کیوں قائم نہیں کرتی۔

 حافظ نعیم الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ اسکولوں کی صورتحال انتہائی خراب ہے،اگر سرکاری اسکول اچھے ہوتے تو پرائیویٹ اسکول نہیں بنتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اٹھارہویں ترمیم میں اسی صورت میں ساتھ دے گی جب آپ شہری علاقوں کو فنڈز اور اختیارات دیں گے،پی ٹی آئی اٹھارہویں ترمیم کا ایشو بنا کر سیاست کررہی ہے۔