گورنر سندھ کا طبی عملے کیلئے حفاظتی لباس، ماسک اور ہینڈ سینیٹائزر کا عطیہ

513

کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل نے سول اسپتال کراچی کے طبی عملہ کے لئے 1500 مکمل حفاظتی لباس، 2000 ماسک اور ھینڈ سینیٹائزر کا عطیہ  کیا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ  نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز ، طبی اور صفائی ستھرائی پر مامور عملہ فرنٹ لائن سولجرز ہیں، فرنٹ لائن سولجرز کی قربانیوں پر انہیں سیلوٹ پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے مراکز میں طبی عملہ کو حفاظتی لباس کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے،انہیں حفاظتی سامان کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے،ڈاکٹرز اور طبی عملہ حفاظتی لباس کے ساتھ زیادہ بہتر طریقہ سے کورونا کے مریضوں کی دیکھ بھال کرسکتے ہیں۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ کورونا کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا، اس کے جلد جانے کے آثار نہیں ہیں،وزیراعظم عمران خان پہلے دن سے مکمل لاک ڈاؤن کے خلاف ہیں،ہمارے ملک کے زمینی حقائق ترقی یافتہ ممالک سے کہیں مختلف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کورونا سے بچاؤکے اقدامات اور معاشی سرگرمیوں میں اعتدال کا راستہ اپنانا ہوگا،عوام کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہوگا،ہاتھ نہ ملانے، گلے نہ ملنے، بار بار ہاتھ دھونے کو اپنے طرز زندگی کا حصہ بنا کرہی ہم کورونا کو پھیلنے سے روک سکتے ہیں۔