سینتھیا ڈی رچی نے ناصرعظیم خان کو اپنا وکیل مقرر کرلیا

794

لاہور: پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر الزامات کے بعد امریکی بلاگر سینتھیا ڈی رچی نے ناصرعظیم خان کو اپنا وکیل مقرر کرلیا۔

امریکی بلاگر نے چند روز قبل سابق وزیراعظم بےنظیر بھٹو پر الزامات عائد کیے تھے جبکہ امریکی خاتون نے اپنے سوشل میڈیا پر ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ 2011ء میں اس وقت کے وزیر داخلہ رحمن ملک نے اِن کے ساتھ زیادتی کی  اور اس وقت کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور وزیر صحت مخدوم شہاب الدین نے ہراساں کیا تھا۔

سینتھیا ڈی رچی کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات کے بعد پی پی پی کی اعلیٰ قیادت نے عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی کہ امریکی خاتون کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے جس کے بعد قانونی جنگ لڑنے کیلئےسینتھیا ڈی رچی نے اپنا وکیل مقرر کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی بلاگر سینتھیا ڈی رچی کے وکیل عظیم خان 13 جون کو ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پیش ہوں گے۔

قبل ازیں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے امریکی خاتون صحافی سینتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی مخالفت کی تھی۔

تاہم اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے امریکی شہری سینتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔ جس کے بعد پی پی پی  اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی کی جانب سے ریاست علی آزاد عدالت میں پیش ہوئے۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے عدالتی حکم پر اپنا تحریری جواب جمع کراتے ہوئے  جواب میں سینتھیا ڈی رچی کیخلاف مقدمے کی مخالفت کردی تھی ۔

ایف آئی اے کا موقف تھا کہ سنتھیا ڈی رچی کی جانب سے بے نظیر بھٹو پر الزامات کی وجہ سے مقدمے کی درخواست آئی، قانون کے مطابق سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کے خاندان سے کوئی شکایت درج کروا سکتا ہے درخواست گزار شکیل عباسی متاثرہ فریق نہیں۔

دوسری جانب عدالت نے سنتھیا رچی اور پی ٹی اے نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 جون تک جواب طلب کرلیا ہے۔