لیاری : عمارت کے ملبےسے مزید 2 لاشیں نکال لی گئیں، تعداد 13 ہوگئی

801

کراچی: لیاری کھڈا مارکیٹ میں 6 منزلہ عمارت گرنے کے ملبے سے مزید 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز لیاری کھڈا مارکیٹ میں گرنے والی عمارت کے ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے جب کہ آج مزید 2 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ہیں۔

دوسری جانب ڈی جی رینجرز سندھ نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا جب کہ امدادی کاموں کا جائزہ بھی لیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق رینجرز کے نوجوانوں پر مشتمل امدای ٹیمیں ریسکیو اور ریلیف آپریشن میں سول انتظامیہ کے ہمراہ موجود ہیں۔

دورے کے موقع پر ڈی جی رینجرز نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی اور غم میں ہم متاثرین کے ساتھ ہیں۔

خیال رہے کہ اتوار کے روز لیاری میں6 منزلہ رہائشی عمارت گرنے کے نتیجے میں خاتون جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔واقعہ لیاری کے علاقے کھڈا مارکیٹ کی لیاقت کالونی میں کھوکھر کچن والی گلی میں پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوج، رینجرز، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی تھیں۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عمارت صبح ہی سے ہل رہی تھی اور بعد میں ایک جانب جھک گئی، گرنے والی عمارت 25 سے 30 سال پرانی تھی، مخدوش عمارت سے کچھ لوگ بحفاظت نکل گئے تھے اور بعض افراد سامان نکال رہے تھے۔