مسلمان میت کو غسل دینا شرعی طور پر فرض ہے، صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی

469

فیصل آباد (آن لائن )چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمودقاسمی نے کہا ہے کہکوروناوائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کے غسل،کفن،جنازہ اور دفن کی تمام رسومات اسلامی طریقے سے ادا کی جائیں۔ مسلمان میت کو غسل دینا شرعی طور پر فرض ہے۔کورونا سے جاںبحق مسلم میت کا نماز جنازہ پڑھایا جائے اور قبرستان میں عزت و آبرو کے ساتھ دفن کیا جائے۔وائر س سے ہلاک ہونے والوں کی نماز جنازہ میں عزیزواقارب ضرورشرکت کریں اور اسی طرح تدفین کے عمل میں بھی حصہ لیں، مگر احتیاط کا دامن ضرورتھامے رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ وائرس میں مبتلاء میت کے ساتھ معاشرے کے افراد ناروا سلوک کررہے ہیں اور بہت سارے دلخراش واقعات رونماہوئے ہیں۔ اسلام ہمیں ہمدردی اور میت کے ورثاء کے ساتھ اظہار تعزیت کے جو اصول بتاتاہے اس پر ہمیں عمل پیرا ہونا چاہیے۔کوونا وائرس سے متاثرہ مریض کی لاش سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق بھی آج کی تاریخ تک متاثرہ افرادکی لاشوں سے وائرس منتقل ہونے کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔اس لیے ہر شخص کو اپنے پیاروں کے جنازہ اور تدفین میں بلاخوف و خطر شریک ہونا چاہئے۔تاہم وہ افرادجو خود مریض ہیں اور مختلف امراض میں مبتلا ہیں ان کو جنازہ میں شرکت نہیں کرنی چاہیے اور سماجی فاصلے بھی برقرار رکھے جائیں۔ ماسک پہن کر نماز جنازہ میں شرکت کی جائے ۔