آن لائن کلاسز کے فیصلے سے طلبہ و طالبات میں تشویش پائی جاتی ہے، ترجمان جمعیت

711

ترجمان اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی شعور تنولی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ جامعہ کراچی اکیڈمک کونسل کا حالیہ آن لائن کلاسز کے متعلق فیصلہ جہاں خوش آیند ہے وہیں جامعہ کے طلبہ و طالبات میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔

 اُنھوں نے کہا کہ جامعہ کراچی پاکستان کے طول و ارض میں اپنے طالب علموں کا جال رکھتی ہے جس میں سے اکثر طلبہ و طالبات انٹر نیٹ کی سہولت سے محروم ہیں تو اکثر طالب علم الیکٹرنک ڈیوائسس کی استطاعت نہیں رکھتے۔

 یہاں یہ بات ذہن نشین کرنے کی بھی ضرورت ہے کہ جامعہ کے بہت سے طالبِ علم لاک ڈاون کی طوالت کے باعث اپنے آبائی علاقوں کی طرف روانہ ہوچکے ہیں۔

 جمعیت جامعہ کراچی کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل کو اس بات کی طرف بھی دھیان دینا چاہیے کہ جامعہ کی آفیشل ویب سائٹ جو نئے داخلوں کے دوران اکثر ڈاون رہتی ہے۔ وہ اس نازک صورتِ حال میں بہ یک وقت ہزاروں طلبہ و طالبات کے لیے کس طرح آن لائن کلاسز کے انعقاد کو ممکن بناسکے گی۔