اسٹیل ملز سے جبری برطرفی کے خلاف پاسلو کا اجتجاجی مظاہرہ،حافظ نعیم کی شرکت

571

پاکستان اسٹیل لیبر یونین (پاسلو) کے تحت پاکستان اسٹیل کے 9 ہزار سے زائد ملازمین کو جبری برطرف کرکے بےروزگار کرنے اور اسٹیل ملز کی نجکاری کیخلاف کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کا انعقادکیا گیا جس میں بڑی تعداد میں مظاہرین نےشرکت کی،مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

تفصیلات کے مطابق مظاہرین سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن،اسٹیل ملز کی تمام ٹریڈ یونین اور ایسوسی ایشن کے ذمہ داران نےخطاب کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیل ملز اسٹریٹجک ادارہ ہے،ایک اسٹریٹجک ادارہ کس طرح فروخت کیا جارہا ہے،اسٹیل ملز کو بچانے کے احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نےکہا کہ اسٹیل ملز 2007 میں اربوں روپے کا منافع دے رہا تھا،موجودہ حکومت بھی مزدوروں کا استحصال کررہی ہے،اسٹیل ملز کے لئے احتجاج کے ساتھ ساتھ عدالت کا بھی دروازہ کھٹکھٹائیں گے،جماعت اسلامی مزدوروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پی ٹی سی ایل اور کے الیکٹرک جیسے منافع بخش ادارے کو فروخت کیا گیااور ہزاروں ملازمین کو نکالا گیا،لیکن یہ ادارے پھر بھی خسارے میں ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ ادارے حکومت سے سبسڈی بھی لیتے ہیں عوام کو بھی لوٹتے ہیں۔

حافظ نعیم نے کہا کہ مرکز میں تحریک انصاف کی حکومت ہے،وزراء کی ایک فوج ظفر موج ہے،یہ کوئی تبدیلی نہیں ہے وہی وزراء جو پہلے بھی تھے،چار ہزار افراد کا معاشی قتل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پر ہمیشہ ایک مخصوص طبقے نے حکمرانی کی،حکمرانوں نے طاقت کے نشے میں دھت ہوکر عوام کو لوٹا،حکمرانوں نے چینی چوری کی اور عوام کی جیبوں ہر ڈاکہ ڈالا،ایک دوسرے کے خلاف صرف میڈیا پر بات کرتے ہیں

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ پی ٹی آئی میں بیٹھے لوگ ہمیشہ مختلف جماعتوں میں رہتے ہوئے لوٹ مار کرتے رہے،اب پرانی شراب کو نئی بوتل میں بند کرکے بیچاجارہا ہے۔