لاہور میں ارطغرل غازی کا مجسمہ نصب

898

لاہور کے علاقے ملتان روڈ پر ایک مقامی ہاؤسنگ سوسائٹی کی جانب سے ارطغرل غازی کا  مجسمہ نصب کیا گیا ہے

تفصیلات کے مطابق مرغزار ہاوسنگ اسکیم کے صدر محمد شہزاد چیمہ نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارطغرل کا مجسمہ مکینوں کی ارطغرل غازی سے انسیت اور اُن کی خواہش پر نصب کیا گیا ہے۔ اس طرح کے 3 مجسمے بنائے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا اس شخصیت پر ڈرامہ بننے سے پہلے ہی میں تاریخ میں ارطغرل کردار کا مطالعہ کرچکا ہوں اور اس کے بارے میں کافی معلومات پہلے ہی رکھتا تھا۔ ارطغرل کے بارے میں مجھے جس بات نے متاثر کیا وہ یہ تھی کہ ایک شخص نے پوری قوم کو متحد کیا اور سلطنت عثمانیہ کی بنیاد رکھی۔ یہ بات اسلام دشمن عناصر کو ہضم نہیں ہوتی۔ ہمارے بچے شوق سے اس ڈرامے کو دیکھتے ہیں مگر اُنہیں اس میں دئیے گئے پیغام کو بھی سمجھنا چاہئیے۔

ایک صحافی کی جانب سے مجسمے کی قیمت پوچھے جانے پر کہا کہ میں ان مجسموں پر آئی لاگت نہیں بتاؤں گا کیونکہ پھر عوام کی تمام تر توجہ مجسمے کے بجائے اس کی قیمت پر ہوگی۔

اس موقع پر ہاؤسنگ اسکیم کے سکیریٹری جنرل  سہیل انور رانا کا کہنا تھا کہ ہم اس جگہ کا نام ارطغرل غازی چوک رکھیں گے۔