مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے خاتون کو سامنے لایا گیا: سعید غنی

673

کراچی: سندھ کے وزیر تعلیم سینیٹر سعید غنی کا کہنا ہے کہ آج پاکستان اسٹیل جس نہج پر پہنچی ہے اس کی ذمےدار بھی حکومت ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کیا پاکستان اسٹیل کے مزدوروں نے اسے بند کیا؟ سندھ حکومت نےنجی ادارہ کوبھی کہا ہے کہ کسی کو نوکری سے نہیں نکال سکتے،  سندھ حکومت  پاکستان اسٹیل کے معاملے پر لاتعلق نہیں ہوسکتی۔

سعید غنی نے کہا کہ ملک میں آٹے چینی کا بحران ہوا،اس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی، ملک میں ایک ہفتے سے پیٹرول کی قلت ہے،اس کا ذمےدار کون ہے؟ ٹڈیاں ہماری فصلوں کو تباہ کرتی رہی تو ملک میں چاول، گندم، سبزیوں کا بحران ہو جائے گا، ٹڈیوں نے ملک میں تباہی مچائی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے ایک امریکی خاتون سنتھیارچی کو سامنے لایا گیاہے، کہانیاں بنا کر سیاسی قیادت کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، خاتون جوکہہ رہی  ہیں وقت ثابت کرے گا کہ کتنا سچ ہے، خاتون کی جھوٹی باتوں کو اتنی اہمیت دی جا رہی ہےکہ ہم کورونا،ٹڈیوں کو بھول گئےہیں۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ اگر یہ خاتون سچی ہے تو عدالت میں جائے، اس خاتون کا کردار مشکوک ہے،کبھی اسرائیل توکبھی بھارت جاتی رہی، خاتون کا کردار خود بڑا مشکوک ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ کراچی طیارہ حادثےمیں 100 کے قریب لوگ جاں بحق ہوئے،وزیراعظم عمران خان کراچی نہیں آئے،نتھیاگلی چلے گئے۔